پونچھ: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں محکمہ آیوش کی جانب سے منگل کو پونچھ نگر کے قریب سکھا کٹھہ پولیس چیک پوسٹ کے نزدیک ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس سے علاقے کے سینکڑوں مرد، خواتین اور بچوں نے استفادہ کیا۔ اس طبی کیمپ میں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقعے پر لوگوں کو طبی طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کرنے کے علاوہ انہیں قوت مدافعت بڑھانے والی ادویات بھی دی گئیں۔
اس فری میڈیکل کیمپ کے دوران وارڈ نمبر 1 کی کونسلر نیہا رانی اور سماجی کارکن ٹھاکر شیو رتن خصوصی طور پر موجود تھے جنہوں نے ضرورت مند غریبوں کو میڈیکل کیمپ تک پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی اور معمر شہریوں کو میڈیکل کیمپ تک پہنچایا۔
ڈسٹرکٹ آیوش آفیسر ڈاکٹر سنجے رائنہ کی ہدایت پر کونسلر نیہا رانی کے تعاون سے منگل کی صبح دس بجے ڈاکٹر موہت بخشی کی قیادت میں نصف درجن ڈاکٹروں کی ٹیم کی نگرانی میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں قاضی موڈا، گنڈی، بنپت کے علاوہ ڈیڑھ درجن دیہاتوں کے دیہی علاقوں سے آئے مختلف امراض میں مبتلا کا معائنہ کرنے کے بعد انہیں ادویات فراہم کی گئیں۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں محکمہ آیوش یا سکیورٹی فورسز اکثر بیشتر علاقوں میں مفت طبی کیمپ کرتے رہتے ہیں۔