منڈی: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں سڑکوں کی خستہ حالی سے عوام میں سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ یہاں آئے روز سڑک حادثات کو سڑکوں کی خستہ حالی کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سرحدی علاقہ ساوجیاں گگڑیاں کے بلال احمد اور بشیر احمد مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ یہاں متعدد بار سڑک حادثے بھی پیش آچکے ہیں۔ انتظامیہ کو متوجہ کرنے کے باوجود بھی حالت جوں کی توں برقرار ہے۔ ان حادثات میں متعدد جانیں جاچکی ہیں۔ گزشتہ دنوں ساوجیاں میں ایک دلدوز حادثہ پیش آیا جس میں 12 افراد کی موت جب کہ دیگر 27 افراد زخمی ہوئے تھے باوجود اس کے انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوتا جس سے لوگوں میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ Bad Condition of Roads in Mandi Causes accidents
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو سڑکوں کی ابتر حالت ہے اور دوسری طرف پرانی گاڑیاں اس سڑک پر چل رہی ہیں۔ جن میں اکثر اوور لوڈ ہوتی ہیں۔ انتظامیہ کو بار بار انتباہ دیئے جانے کے بعد کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ یہاں سوجیاں سے گلی میدان تک ایک مسافر گاڑی تھی۔ جس میں لوگ مجبور ہو کر سوار ہوتے تھے۔ لیکن آخری انجام ان کا موت ہوا ہے۔ انہوں نے سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کب تک یہاں کے سرحدی لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے! اور اپنے ہاتھوں بچوں نوجوانوں اور خواتین کو دفن کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ یہاں ضلع پونچھ بالخصوص منڈی میں چلنے والی تمام گاڑیوں پر شکنجہ سخت کیا جائے اور عدلیہ سے اپیل کی کہ سستے داموں میں ان گاڑیوں کو ریلیز نہ کیا جائے بلکہ کاغذات مکمل طور پر دکھانے کے بعد ہی انہیں سڑک پر چلنے کا اجازت نامہ دیا جائے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس منڈی ساوجیاں سڑک کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو سخت ھدایات جاری کریں۔ تاکہ اس سڑک کی حالت بہتر ہوسکے۔