ممبئی پولیس کے ڈی سی پی دتا نلاوڈے نے معلومات فراہم کراتے ہوئے کہا کہ 'ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کی رکنیت کے لیے بھاٹی نے کچھ دستاویز جمع کیے تھے لیکن دستاویزات کی جانچ کی گئی تو انکشاف ہوا کہ دستاویزات فرضی ہیں'۔
خیال رہے کہ ریاض بھاٹی نے ولسن کالج کے سفارشتی خط میں رد و بدل کرکے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کی رکنیت دھوکے سے حاصل کی تھی۔
ولسن کالج انتظامیہ کو جب اس بات کا انکشاف ہوا تو انہوں نے ریاض بھاٹی کے خلاف ممبئی کے گانو دیوی پولیس تھانے میں دھوکہ دہی کے دفعات کے تحت معاملہ درج کرایا۔
بھاٹی کو پولیس نے گرفتار کیا اور عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں 8 جولائی تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔
اس رکنیت کی وجہ سے بھاٹی نہ صرف بیرون ممالک میں سفر کر چکے ہیں بلکہ کھیل سے متعلق کئی پروگرام میں بھی بطور ایم سی اے رکن شامل بھی ہو ئے ہیں۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بھاٹی نے ملاڈ میں ایک شخص کو گھر فروخت کرنے کے نام پر پیسے اینٹھے بلکہ اسے بھی فرضی دستاویزوں کی بنیاد پر 18 لاکھ روپے کا چونا لگایا۔ اس معاملے میں بھی ملاڈ پولیس تھانے میں دھوکہ دہی کرنے کا معاملہ درج کیا جا چکا ہے۔
ممبئی پولیس نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بھاٹی مجرمانہ سرگرمیوں میں شامل رہا ہے اور اس کے مراسم جرائم پیشہ ور افراد سے رہے ہیں۔