شہڈول: ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع شاہدول کے سنگھ پور ریلوے اسٹیشن پر دو مال گاڑیوں کے ٹکرانے سے ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جب کہ کچھ ڈبے دھیمی رفتار میں گزر رہی تیسری مال ٹرین پر بھی گر گئے ہیں۔ فی الحال انجن میں آگ لگی ہوئی ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ دو لوگ ابھی تک اس میں پھنسے ہوئے ہیں۔ فی الحال ایمبولینس ٹیم پہنچ گئی ہے اور لوگوں کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔
دراصل یہ واقعہ صبح تقریباً 6:45 پر پیش آیا، جہاں سنگھ پور ریلوے اسٹیشن پر ہی ایک مال گاڑی کھڑی تھی، جس میں دو انجن لگے ہوئے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک اور مال گاڑی نے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی کو ٹکر مار دی، جس کی وجہ سے یہ بڑا حادثہ ہوا۔ اسی دوران قریبی ٹریک سے گزرنے والی ایک اور مال گاڑی دھیمی رفتار میں چل رہی تھی، کچھ بوگیاں اس کے اوپر بھی گر گئیں، جس کی وجہ سے پورا ٹریک ٹوٹ گیا اور بوگیاں اِدھر اُدھر گر گئیں۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ بہت سنگین ہے کیونکہ مال گاڑی کے انجن میں آگ لگ گئی اور اس میں موجود 4 افراد پھنس گئے تھے۔ اگرچہ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کام شروع کردیا اور دو افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے، تاہم دو ڈرائیور اب بھی انجن میں پھنسے ہوئے ہیں۔ فی الحال پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، ساتھ ہی انجن میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ حادثے کے بعد ایمبولینس اور محکمہ صحت کی ٹیمیں موقع پر تعینات ہیں، ریلوے کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: Train Accident in Gaya: گیا میں مال گاڑی حادثے کا شکار
واقعے کے بعد موقع پر لوگوں کا ہجوم ہوگیا اور فی الحال سنگھ پور لائن سے ٹرین کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ اپ اور ڈاؤن دونوں ٹرینیں رک گئی ہیں، کیونکہ کئی بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر چکی ہیں اور پوری ریلوے لائن پر بوگیاں ادھر ادھر پڑی ہوئی ہیں۔ تصاویر دیکھ کر آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ حادثہ کتنا بڑا اور لرزہ خیز تھا۔ سنگھ پور لائن سے گزرنے والی تمام ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے، اب وہاں سے تمام ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو جاری ہے اور کب تک ریلوے لائن کلیئر ہو جائے گی، اس بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔