شیو پوری: مدھیہ پردیش کے شیو پوری ضلع کی پچھور اور کھنیادھانا تحصیلوں میں ژالہ باری سے متاثرہ گاؤں کا ضلع کلکٹر رویندر کمار چودھری نے دورہ کیا اور وہاں کے محکمہ ریونیو کے ملازمین اورافسران کوفصلوں کو ہوئے نقصانات کا سروے کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دیں۔ آج یہ اطلاع دیتے ہوئے سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ جمعہ کو ضلع میں کئی مقامات پر بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔ پچھور اور کھنیادھانا تحصیلوں کے گاؤں پچراہی لہرا اور ڈبرا کے دیہی علاقوں میں ژالہ باری سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کی اطلاع پر کلکٹر مسٹر چودھری نے کل دیہی علاقوں کا دورہ کیا اور کسانوں کے ساتھ بات چیت کے بعد نقصان کا سروے جلد مکمل کرکےامدادی رقم دینے کی یقین دہانی کرائی اور ریونیو اسٹاف کے تمام ملازمین افسران کو 4 دن کے اندر نقصان کا سروے کرنے کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Rains, Hailstorm in UP اترپردیش میں بارش اور ژالہ باری کا دور جاری، حکومت الرٹ
دوسری جانب مدھیہ پردیش کے بیتول میں گزشتہ تین دنوں سے بارش ہو رہی ہے۔ وہیں ضلع کے کئی علاقوں میں ژالہ باری اور تیز آندھی نے کسانوں کو کافی متاثر کیا ہے۔ قبائلی اکثریتی بھیم پور ترقیاتی بلاک کے دماجی پورہ گاؤں سمیت نصف درجن سے زیادہ گاؤں میں تیز ہوا اور بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ اولے اتنے گرے کہ سڑکوں پر سفید چادر سی بچھ گئی۔ شاہ پور ترقیاتی بلاک کے تارا، گھسی باگلا، میڈھاکھیڑا، کاجلی، ڈوڈر وغیرہ دیہاتوں میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ غیرموسمی بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے ضلع میں بڑی تعداد میں کسانوں کی گندم اور چنے کی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
یواین آئی