کولگام (جموں و کشمیر): ماہ رمضان کے مبارک مہینے کے پیش نظر محکمہ مال، جموں و کشمیر پولیس، میونسپل کونسل اور محکمہ امور صارفین کی مشترکہ ٹیم نے جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں کئی بازاروں کا معائنہ کر کے مارکیٹ چیکنگ عمل میں لائی۔ مارکیٹ چیکنگ کے دوران دکانداروں کو قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے علاوہ صاف و شفاف اشیاء خورد و نوش صارفین کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ماہ مبارک رمضان میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے علاوہ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کی رپورٹس کے پیش نظر متعلقہ محکمہ جات خصوصا محکمہ مال اور محکمہ امور صارفین کی جانب سے مارکیٹ چیکنگ ڈرائیو عمل میں لائی جا رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ نرخ ناموں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دکاندار اور ریڑی والے من مانی قیمتوں پر اشیاء خاص کر سبزی اور میوہ جات فروخت کر رہے ہیں۔
تحصیلدار کولگام، بلال احمد، نے مارکیٹ چیکنگ ڈرائیو کے حوالہ سے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مارکٹ چیکنگ راویتی طور پر کی جاتی ہے اور ضلع کے مختلف بازاروں میں کئی محکموں کی مشترکہ ٹیمیں ہر روز مارکٹ چیکنگ انجام دے رہی ہیں اور آج بھی اسی کڑی کے چلتے ضلع کے مین بازاروں میں مارکٹ چیکنگ کی گئی۔
مزید پڑھیں: Market Checking in Kulgam: تین مہنوں میں چھ لاکھ روپیہ جُرمانہ وصول
تحصیلدار نے مزید کہا کہ محکمہ مال سمیت ایس ایچ او کولگام ایاز گیلانی اور دیگر افسران کی نگرانی میں روزانہ ایسی ہی مارکیٹ چیکنگ عمل میں لائی جائے گی۔ مارکیٹنگ چیکنگ کے حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیکنگ کے دوران کئی دُکانداروں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا اور صبح سے سہ پہر تک جاری رہنے والی ڈرائیو کے دوران مختلف دکانداروں / ریڈی والوں سے دس ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔