ضلع کشتواڑ میں وی ڈی سی کی مجوزہ منسوخی کے خلاف بی جے پی کارکن بسنت راج ٹھاکر نے وی ڈی سی ممبران کے ساتھ احتجاج میں شرکت کی۔
احتجاج کے دوران بی جے پی ورکنگ کمیٹی کے ممبر بسنت راج ٹھاکر نے کہا کہ ’’بی جے پی ہمیشہ سے ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔‘‘
بسنت راج نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’وی ڈی سی ممبروں نے پوری زندگی ملک کے لیے لگا دی، اپنی جوانی کو ملی ٹینسی کا صفایا کرنے میں صرف کیا اور اب اس کمیٹی کو منسوخ اور معطل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔‘‘
انکا مزید کہنا تھا کہ وی ڈی سی ممبروں کو ایس پی او کا درجہ دیا جائے اور نئے افراد کو وی ڈی سی میں شامل کیا جائے۔
احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ ہر صورت میں وی ڈی سی کا دفاع کیا جائے گا اور کمیٹی کو منسوخ کرنے کی ہر سازش کے خلاف آواز اُٹھائی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست جموں کشمیر میں نوے کی دہائی میں عسکریت پسندوں کا سامنا کرنے کے لئے ریاستی پولیس نے رضاکاروں کو ہتھیار دیکر وی ڈی سی کو وجود میں لایا تھا۔
چند برس قبل وی ڈی سی ممبران کی جانب سے ہتھیار کا غلط استعمال کرنے کے متعدد واقعات سامنے آنے کے بعد ریاست کی کئی تجارتی، سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے وی ڈی سی کو منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔