جموں (جموں کشمیر) : جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں کے ائر فورس اسٹیشن پر بھارتی فضائیہ کی جانب سے 22 ستمبر کو ’’ائر شو‘‘ اور اس ائر شو میں عوام کو بھی شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ جموں میں مقیم دفاعی ترجمان، لیفٹیننٹ کرنل سنیل پرتوال نے ان باتوں کا اظہار ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔
لیفٹیننٹ کرنل سنیل برتوال نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے 22 ستمبر کو ائر شو (AirShow) کا پروگرام ترتیب دیا ہے اور اس حوالہ سے سبھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور 22 ستمبر کو ائر فورس اسٹیشن جموں میں ریہرسل کی جائے گی اور باضابطہ طور پر 22 ستمبر کو ائر شو منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس ایئر شو میں دنیا کے مشہور ایئر واریر ڈرل ٹیم، گلیکسی ڈیئر ڈیول اسکائی ڈائیونگ ٹیم، سوریا کرن ایروبٹک ٹیمیں شامل ہوں گی۔‘‘
اس حوالہ سے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’یہ تقریب بھارتیہ فضائیہ کے جموں اسٹیشن کی سیلور جوبیلی اور ملک کے ساتھ جموں و کشمیر کے الحاق کے 76 سال مکمل ہونے پر منعقد کی جا رہی ہے۔ اس پروگرام میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بطور مہمانی خصوصی کے طور پر موجود رہیں گے۔‘‘ اس شو میں عام کی شرکت کے حوالہ سے انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ’’شہری بھی ائر شو دیکھنے کے لئے 22 ستمبر کو پیر بابا گیٹ سے ائر فورس اسٹیشن جموں میں داخل ہو سکتے ہیں تاہم 9:30بجے صبح کو ہی عوام کے داخلے کی اجازت دی جائے گی۔‘‘
مزید پڑھیں: Army Weapon Display: فوج کی جانب سے بڈگام میں اسلحہ کی نمائش
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو ڈویژنل کمشنر، جموں، رمیش کمار نے سیکورٹی، پارکنگ کی سہولیات اور مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا تھا۔ محکمہ ٹریفک کو ایک جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے اور مناسب پارکنگ ایریاز کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔ مسافروں کو تکلیف یا دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے ٹریفک پولیس کو ایڈوائزری جاری کرنے کو کہا گیا ہے۔ ادھر، محکمہ سیاحت کو اس تقریب کی وسیع تشہیر کے ساتھ ساتھ دعوتی کارڈ پرنٹ کرنے اور بیٹھنے کے انتظامات کا بھی حکم دیا گیا ہے۔