جموں (جموں و کشمیر) : شری امر ناتھ یاترا کے لئے بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے یاتریوں کا کشمیر میں واقع دو بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہونے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے اور یاتریوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ، جموں سے منگل کی صبح 6 ہزار 5 سو 97 یاتریوں پر مشتمل ایک اور جھتہ کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔
سرکاری ذرائع نے کہا کہ یہ یاتری 253 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ بالتل اور ننون پہلگام بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہو گئے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ان میں سے 2 ہزار 1 سو 2 یاتری بالتل بیس کیمپ کی طرف روانہ ہوئے جن میں 1681 مرد، 421 خواتین، 18 بچے اور 2 سادھو شامل تھے۔ جبکہ پہلگام بیس کیمپ کی طرف 4 ہزار 4 سو 75 یاتری روانہ ہوئے جن میں 3294 مرد، 1008 خواتین، 15 بچے، 149 سادھو اور 9 سادھویں شامل تھیں۔
یاد رہے کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 30 جون کو قریب چار ہزار یاتریوں کو جھنڈی دکھا کر یاترا کے لئے روانہ کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ یکم جولائی سے شروع ہوئی یہ یاترا 31 اگست کو اختتام ہوگی۔ جموں و کشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فقید المثال انتظامات کئے ہیں۔ امر ناتھ یاترا کے دوران اس بار متعدد ڈرونز کے ذریعے بھگوتی نگر جموں سے لے کر امرناتھ گھپا تک چوبیس گھنٹے نگرانی رکھی جائے گی تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: Fake Registration For Amarnath Yatra امرناتھ یاترا کے لیے فرضی رجسٹریشن کرنے والے گروہ کا پردہ فاس
معلوم ہوا ہے کہ درجنوں ڈرونز امر ناتھ یاتریوں کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کو جانکاری فراہم کریں۔ ادھر، جموں کے سرحدی علاقوں میں پہلے ہی ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور مقامی لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ مشتبہ شئی کے بارے میں وہ فوری طورپر نزدیکی پولیس اسٹیشن کے ساتھ رابط قائم کریں۔
یو این آئی