منڈی: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں وکمشیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساوجیاں گگڑیاں کی پنچایت چھول میں ریچھ کے حملے میں ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئی۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی باشندوں میں دہشت کا ماحول ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دوردراز اور سرحدی علاقہ ساوجیاں گگڑیاں کی پنچائیت چھول میں ریچھ کے حملہ میں ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئی ہے۔
اہل خانہ و مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ خاتون کسی کام کے سلسلہ میں گھر سے باہر نکلی اچانک اس خاتون پر ریچھ نے حملہ کردیا۔ریچھ کے حملے میں خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئی۔ مقامی باشندوں کی مدد سے خاتون پی ایچ سی ساوجیاں لایا گیا۔ جہاں سے اسے فوری طور پر سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:Timber Missing جموں و کشمیر اسٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن ڈویژن پلوامہ میں لکڑی کی دھاندلی کا انکشاف
وہیں اس حوالے سے ڈاکٹر رمت پال نے کہا کہ ریچھ کے حملے کے دوران خاتون کو مختلف جگہوں پر چوٹیں آئی ہیں۔ جس کا سب ضلع ہسپتال منڈی میں بنیادی علاج و معالجہ کیا گیا ہے اور زخمی خاتون کو مزید بہتر علاج و معالجہ کے لیے راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ ریفر کیا گیا ہے۔ گلبہار احمد نے کہا کہ تحصیل منڈی میں آئے روز جنگلی جانور انسانی جانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں لیکن انتظامیہ غفلت شاری کا شکار بنی ہوئی ہے۔ اگر چہ بارہا عوامی نمائندگان و مقامی لوگوں کی جانب سے اس معاملہ کو انتظامیہ کے نوٹس میں لایا بھی گیا۔ تاہم باوجود اس کے انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہے۔