وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے گنڈ تحصیل میں نالہ سندھ پر زیر تعمیر پل میں غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے کا الزام ہے۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ سینکڑوں گھرانوں کو جانے والے راستے بلتی کللن پر اگرچہ ایک پرانا پل تعمیر ہے جو صرف پیدل چلنے پھرنے کے لئے بنایا گیا تھا لیکن اب یہ چلنے کے قابل بھی نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے اگرچہ متعلقہ محکمے سے کئی بار پل کی تعمیر میں اچھا مٹیریل استعمال کرنے اور پل کے لیے بنائے جانے والے ڈھانچے کو بھی درست کرنے کی گزارش کی تاہم ان کی بات کسی نے نہیں سنی۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ جب انہوں نے اس سے پہلے بھی شکایت کی تھی تو پل کا کام چند دنوں کے لیے روک دیا گیا تھا اور اب دوبارہ سے اسی طریقے سے کام شروع کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
ڈھائی برس سے اہم رابطہ سڑک تکمیل کی منتظر
انہوں نے کہا کہ حکومتی خزانے سے آنے والے پیسے کو ضائع نہ کیا جائے بلکہ پل کی تعمیر صیح سے کی جائے تاکہ پرانے پلوؤں کی طرح یہ پل بھی پانی کے بہاؤ میں نہ چلا جائے۔
کام کرنے والے ٹھیکیدار نے بھی اس بات کا انکشاف کیا کہ پل کے لئے بنائے جانے والے ڈھانچے کو مزید کھدائی کی ضرورت تھی تاہم افسران نے اُنہیں جیسا کہا ہے وہ ویسا کر رہے ہیں۔
جب اُنسے مٹیریل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'مجھے پتہ ہے کہ کیا استعمال کیا جانا چاہیے اور کیا استعمال کیا جارہا ہے۔'
جب ہم نے اس حوالے سے آر اینڈ بی کے افسران سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو اُنسے رابطہ نہ ہو سکا۔