نئی دہلی: شمال مشرقی ریاست منی پور میں تشدد کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آئے روز کئی واقعات منظر عام پر آ رہے ہیں۔ بدھ سے کوکی برادری کی دو خواتین کی برہنہ پریڈ کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ اس واقعے چہار جانب سے رد عمل سامنے آ رہا ہے۔ پی ایم مودی نے بھی اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مانسون سیشن 2023 کے آغاز سے قبل میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا اسے کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔
پی ایم مودی نے کہا کہ منی پور کی بیٹیوں کے ساتھ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ شرمناک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس واقعے کے قصورواروں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کے واقعے پر میرا دل درد اور غصے سے بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ کسی بھی معاشرے کے لیے شرمناک ہے۔ گناہ کرنے والے کسی بھی جگہ سے تعلق رکھتے ہوں لیکن پورے ملک کی توہین ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیٹیوں اور بہنوں کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ منی پور کے واقعہ سے ملک کے تقریباً 140 کروڑ لوگ شرمندہ ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں ملک کی تمام ریاستوں کے وزیر اعلیٰ سے ریاست میں امن و امان کو سخت کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ واقعہ کسی بھی ریاست میں کیوں نہ ہو، میں ملک کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ قصورواروں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔