بارہمولہ (جموں کشمیر): حکومت کی جانب سے وضع کی گئی مختلف عوامی بہبود اور فلاحی اسکیموں سے لوگوں کو آگاہ کرنے کی غرض سے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے دور افتادہ علاقہ بونیار، اوڑی میں ’’وکست بھارت سنکلپ یاترا‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا پروگرام ہے جس میں مختلف محکمہ جات نے اپنے اپنے اسٹال نصب کیے تھے اور اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جنہوں نے اپنے تجربات عوام کے ساتھ شیئر کیے تاکہ وہ بھی حکومتی اسکیمز سے مستفید ہو سکیں۔
پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر سیکریٹری ٹوریزم، سید عابد رشید شاہ، موجود رہے۔ ان کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اس پروگرام میں بونیار علاقہ سمیت ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں نے شرکت کی۔ لوگوں نے پروگرام کے حوالہ سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا: ’’مرکزی سرکار گزشتہ برسوں سے عوام کو کئی اسکیموں سے روشناس کرا رہی ہے اور اس سے عام لوگوں کو کافی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: ترال میں وکست بھارت کے تحت پروگرامز کا اہتمام
پروگرام کے حاشیہ پر عابد رشید نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’مشاہدے میں آیا کہ یہاں پر مختلف اسٹال لگائے گئے تھے جو ایسے افراد نے لگائے تھے جو سرکاری اسکیموں سے مستفید ہوئے ہیں، اور ان میں خواتین کی بھی خاصی تعداد تھی جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے نہ صرف لوگوں کو حکومت کی جانب سے وضع کی گئی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری ملے گی بلکہ انہیں حوصلہ افزائی بھی ملے گی۔ سرحدی علاقہ اوڑی کے دور افتادہ علاقہ میں اس طرح کے پروگرام کے انعقاد پر نہ صرف انہوں نے انتظامیہ کی شکریہ ادا کیا باکہ پروگرام میں شریک درجنوں لوگوں کی شرکت پر بھی انہوں نے اطمینان کا اظہار کی۔