بارہمولہ: سرینگر سے شمالی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ جا رہی سیاحوں سے بھری ایک ایس یو وی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس میں سوار سیاح زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ بوٹا پتھری کے مقام پر پیش آیا۔ یہاں تعینات فوجی اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن شروع کرکے سبھی سیاحوں کو بچانے میں کامیابی حاصل کر لی۔ حادثہ میں زخمی ہوئے سبھی سیاحوں کو فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر گلمرگ پہنچایا گیا جہاں معالجین نے ان کی حالت مستحکم بتائی ہے۔ Gulmarg Road Accident
واضح رہے کہ گزشتہ دو دن سے وادی کشمیر میں بارشیں ہو رہی ہیں جب کہ گلمرگ سمیت مختلف بالائی علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔ برفباری کے سبب بعض جگہوں پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں حادثات رونما ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ وہیں برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سرینگر سمیت دیگر مقامات سے گلمرگ آنے والے سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر، جموں و کشمیر پولیس نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے گلمرگ جانے والے مسافروں اور سیاحوں سے احتیاط برتنے، رہنما خطوط کے مطابق گاڑی چلانے اور سڑکوں کے کنارے گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔