بارہمولہ: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعہ کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ باسط ریشی کی جائیداد منسلک کر لی ہے۔ یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ دنوں عسکریت پسندوں، ان کے معاونین کی غیر منقولہ جائیداد منسلک کرنے میں تیزی لائی جا رہی ہے، گزشتہ روز سرینگر میں بھی این آئی اے نے ایک عسکریت پسند کمانڈر مشتاق زرگرعرف لٹرم کا آبائی مکان منسلک کر دیا تھا۔ جمعہ کو ضلع بارہمولہ کے سوپور، ہرد شیواہ میں این آئی اے کی ٹیم نے ایک اور کارروائی انجام دیتے ہوئے UAPA کے تحت ’’دہشت گرد‘‘ قرار دئے گئے عسکریت پسند باسط ریسی کی جائیداد منسلک کر لی۔
وزارت داخلہ کے مطابق، باسط احمد ریشی حزب المجاہدین کا رکن ہے اور جموں و کشمیر میں ’’تخریبی سرگرمیوں اور ٹارگٹ کلنگ کو منظم کرنے‘‘ میں ملوث ہے۔ این آئی اے کا دعویٰ ہے کہ ریشی نے 18 اگست 2015 کو تجر شریف، سوپور میں پولیس پوسٹ گارڈ پر حملے کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا، جس میں پولیس اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔ 4 مارچ 1996 کو تولد ہوئے باسط ریشی بارہمولہ ضلع کے یمبرزلواری، شیوا ڈانگرپورہ، سوپور علاقے کا رہنے والا ہے اور این آئی اے کے مطابق وہ اس وقت پاکستان میں مقیم ہے۔
مزید پڑھیں: Warrant Against Militants کشتواڑ کے تیرہ عسکریت پسندوں کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری
این آئی اے کی جانب سے عسکریت پسندوں، معاونین یا انہیں پناہ دینے والے افراد کی پراپرٹی اٹیچ کرنے کا سلسلہ گزشتہ برس سے شروع ہوا تاہم گزشہ ایام کے دوران ان میں کافی تیزی لائی گئی۔ گزشتہ روز بھی سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقہ میں العمر نامی عسکریت پسند تنظیم کے بانی مشتاق احمد زرگر المعروف مشتاق لٹرم کا آبائی مکان این آئی اے نے اٹیچ کر دیا تھا۔