سرینگر: شمالی کشمیر میں واقع وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ایشیا کے سب سے اونچے گنڈولہ کیبل کار پروجیکٹ نے اپریل 2022 سے مارچ 2023 تک ایک سو کروڑ روپیوں کی ریکارڈ کمائی کی۔گنڈولہ کیبل کار پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر غلام جیلانی زرگر نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز ملک کے سب سے بڑے پلیٹ فارم پارلیمنٹ سے گلمرگ گنڈولہ کا نام ایک اچھی وجہ کے لئے لیا گیا جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔
بتادیں کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پیر کو پارلیمنٹ میں جموں وکشمیر کے لئے مالی سال 2022-2023 کا مالی بجٹ پیش کرنے کے دوران کہا کہ گلمرگ گنڈولہ نے اپریل 2022 سے مارچ 2023 تک ایک سو کروڑ روپیوں کی ریکارڈ کمائی کی۔
موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ ' یہ ایک چھوٹے کارپوریشن کے لئے ایک بڑی حصولیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ایک سو کروڑ روپیوں کی کمائی کرنا معمولی بات نہیں ہے۔ان کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ گنڈولہ کی اس بڑی حصولیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے پارلیمنٹ میں اس کا تذکرہ کیا گیا۔ زرگر نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے جموں وکشمیر حکومت کی انتھک کوششیں کار فرما ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے شعبہ سیاحت کے فروغ کے لئے کئی اقدام کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاحت جموں وکشمیر کی معشیت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے ساتھ بے شمار لوگوں کی روزی روٹی وابستہ ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ وادی کی سکیورٹی صورتحال میں بہتری واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے سیاح یہاں اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت کی اس کامیابی کے پیچھے بہت ساری محنت کافرما ہیں کیونکہ موجودہ سرکار نے سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں۔ان کے مطابق سیاحت جموں وکشمیر میں روزی کمانے کی ایک بڑی صنعت ہے۔
ایم ڈی کا مزید کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس سے یہاں آنے والے سیاح اپنے آپ کو محفوظ تصور کر رہے ہیں۔زرگر نے کہا کہ حکومت اور محکمہ سیاحت نے بھارت کی مختلف ریاستوں اور بیرون ممالک میں سیاحت کے شعبے کے فروغ کے لئے کئی پروگرام منعقد کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ٹھوس کوششوں کی بدولت ہی یہاں ریکارڈ سیاحوں کی آمد ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: سلج کی سواری میں سیاح کم دلچسپی کیوں دکھا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ایک سو کروڑ کی کمائی کرنا ایک بہت بڑا چیلنج تھا کیونکہ یہاں آنے والے سیاحوں کو اچھی رہائشی سہولیات، مہمان نوازی اور بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ایم ڈی نے مزید کہا کہ گلمرگ گنڈولہ کی آن لائن ٹکٹنگ کے ذریعے بھی سیاحوں راغب ہوئے ۔گنڈولا کیبل کار پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر غلام جیلانی زرگر نے کہا کہ کچھ عناصر ایسے بھی ہیں جو سیاحوں کو ٹکٹ بلیک میں فروخت کر رہے تھے تاہم اس پر اب خصوصی نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امسال پہلی دفعہ گنڈولا کی سواری کرنے والے سیاحوں کی حفاظت کے لئے پرائیوٹ سکیورٹی تعینات کی گی ۔ اس کے علاوہ مرد ، خواتین اور خاص طور پر معذور افراد کے لئے اچھے معیار کے واش رومز تعمیر کیے جس وجہ سے زیادہ سے زیادہ سیاحوں نے گنڈولہ کا لطف اٹھایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم ان سیاحوں سے اپیل کرتے ہیں جو گلمرگ آنا چاہتے ہیں اور گنڈوالا کی سواری کے خواہاں ہے وہ اپنے سفری پروگرام کی منصوبہ بندی سے قبل ٹکٹ بک کریں تاکہ انہیں یہاں پر کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
(یو این آئی)