ضلع بارہمولہ میں زرعی یونیورسٹی واڈورہ (SKUAST Wadoora) میں اخروٹ سے وابستہ کسانوں کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں اخروٹ سے وابستہ کسانوں کو مختلف سرکاری اسکیموں کی جانکاری فراہم کی گئی۔
مقامی کسانوں خصوصا نوجوانوں کو اخروٹ کی کاشت کی جانب راغب کرنے اور انہیں سرکار کی جانب سے وضع کی گئی مختلف اسکیموں کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی غرض سے زرعی یونیورسٹی واڈورہ میں (SKUAST Wadoora) کسانوں کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔
پروگرام کے دوران اخروٹ سے وابستہ کسانوں کو جدید تکینک، کھاد، جراثیم کش ادویات سمیت اخروٹ کی پیداوار میں اضافے کے جدید سائنسی طریقے سکھائے گئے۔
پروگرام کی مہمان خصوصی ڈی ڈی چیئرپرسن بارہمولہ، سفینہ بیگ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آگہی پروگرامز ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان کھیتی باڑی سے دور جا رہا ہے تاہم انہیں یہ بات باور کرانے کی اشد ضرورت ہے کہ کسانی، باغبانی کے ذریعے بھی وہ اچھی خاصی آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔