جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے انٹرنیٹ سروس پرووائڈرس کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ اس دوران وادی گریز میں انٹرنیٹ سہولیات بہتر بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عام لوگوں خصوصاً طلبا اور تاجروں کے مفاد کے لئے وادی میں فکس لائن انٹرنیٹ رابطے میں توسیع پر زور دیا۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق وادی میں موبائل انٹرنیٹ رابطے اور فکسڈ لائن انٹرنیٹ رابطے میں توسیع کر کے ترجیحی طور پر وادی میں انٹرنیٹ کے مسئلے کو حل کریں گے۔
سروس پروائڈرس نے یقین دہانی کی کہ گریز اور طلیل میں 17 مقامات کا سروے کیا جارہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا 'آن لائن کلاسز اور گھر سے کام کرنے والے بہت سے ملازمین کے پیش نظر وقتا فوقتا حکومتی ہدایات کے مطابق انٹرنیٹ کی سہولیات کو اولین ترجیح پر بہتر بنایا جارہا ہے۔'