اننت ناگ (جموں و کشمیر): ڈائریکٹر ایجوکیشن، کشمیر، ڈاکٹر تصدق حسین میر نے کہا ہے کہ ’’موسم کے مزاج کو دیکھ کر گرمیوں کے تعطیلات کا اعلان کیا جائے گا۔‘‘ ڈاکٹر تصدق نے کہا کہ ’’اگر گرمیوں کی لہر اسی طرح بدستور جاری رہی تو جون کے آخری ہفتہ میں چھٹیوں کا اعلان کیا جائے گا، تاہم اگر آنے والے دو تیں دنوں کے دوران گرمیوں میں کمی ہوئی تو جولائی کے مہینہ میں گرمیوں کی تعطیلات کے بارے میں فیصلہ لیا جائے گا۔‘‘ ان باتوں کا اظہار ناظم تعلیمات ڈاکٹر تصدق حسین میر نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے دورہ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔
وادی کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے گرمیوں کی شدت میں کافی اضافہ ہوا ہے، گزشتہ کئی دنوں سے پارہ 34 ڈگری کو بھی تجاوز کر گیا ہے جس کے سبب عوام الناس کے ساتھ ساتھ اسکولی بچوں کو بھی اسکول جانے کے دوران جھلستی گرمی سے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گرمی کی لہر میں مسلسل اضافہ کو دیکھ کر والدین کی جانب سے محکمہ تعلیم سے گرمیوں کی تعطیلات کے اعلان کا مطالبہ کیا جا رہے ہے۔
مزید پڑھیں: HCJKL Vacation Judges ہائی کورٹ تعطیلات کے دوران ویکیشن جج نامزد
ادھر، صوبائی کمشنر کشمیر (ڈویژنل کمشنر) نے بھی جمعہ کے روز سرینگر میں لال چوک دورے کے دوران کہا تھا کہ ’’موسمی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اتوار کے بعد وادی کشمیر میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا جائے گا۔‘‘ گزشتہ روز سرینگر میں پارہ 35ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جو محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ سترہ برس کے دوران جون میں گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔