اننت ناگ: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اتوار کی صبح حلقہ انتخاب کوکرناگ کے اندروان ساگم علاقے میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا، سرچ آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی مخصوص اطلاع پر مذکورہ علاقہ کو محاصرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب فورسز کی مشترکہ ٹیمیں مشتبہ مقام کی طرف پہنچیں تو وہاں پہلے سے چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ کی جس پر فوج نے جوابی کارروائی کی اور اس طرح سے مذکورہ علاقے میں انکاؤنٹر شروع ہو گیا۔ عسکریت پسندوں کے ٹھکانے سے برتن، کمبل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ دریں اثناء اندروان کے جنگلاتی علاقے میں چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کا پتہ لگانے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے۔
فوج کے مطابق وادی کشمیر میں پھچلے کچھ سالوں کے دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے تصادم آرائی اور عسکری کارروائیوں میں بہت حد تک کمی واقع ہوئی ہے، حالیہ دنوں میں عسکریت پسندوں کی جانب سے انکاؤنٹر کے شاذ ونادر ہی واقعات پیش آتے ہیں۔ فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وادی کشمیر بالخصوص جنوبی کشمیر میں عسکری کارروائیوں میں نمایاں تک کمی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع کپوارہ کے مژہل میں رواں ماہ کی 3 تاریخ کو عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان انکاؤنٹر ہوا تھا جس میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔ اس دوران پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:Encounter at Baramulla بارہمولہ انکاؤنٹر میں ایک عسکریت پسند ہلاک
ذرائع کے مطابق علاقے میں ایک سے دو عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کا خدشہ ہے۔