اننت ناگ (جموں و کشمیر): جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے ڈانجی پورہ، وپزن علاقے میں فوج کی جانب سے تلاشی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بجبہاڑہ کے ڈانجی پورہ، وپزن علاقے میں فوج کو عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی جس کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ شروع کر دیا۔
فوج کی 3 آر آر، جموں و کشمیر پولیس، 90 بٹالین سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے یہ محاصرہ سحری کے اوقات میں شروع کیا جو خبر لکھے جانے تک جاری تھا۔ حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے گھر گھر تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ وہیں علاقہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہلے بٹھا دیے گئے ہیں اور لوگوں کی آمد ورفت کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں کسی بھی شخص کو داخل ہونے یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے گھر گھر تلاشی کارروائی کے دوران حفاظتی اہلکاروں کا سامنا عسکریت پسندوں کے ساتھ نہیں ہوا تاہم علاقے میں حفاظتی اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کیے جانے سے لوگوں میں خوف و حراس پھیل گیا ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر پولیس کے مطابق وادیٔ کشمیر میں عسکریت پسندی سے متعلق واقعات بالخصوص سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان انکاؤنٹر کے واقعات میں نمایاں حد تک کمی آئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وادیٔ کشمیر سے لگ بھگ عسکریت پسندی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ ادھر، ماہ رمضان المبارک میں حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے عسکری مخالف کارروائی کے تحت انجام دیا گیا یہ پہلا محاصرہ ہے۔
اس ضمن میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔