اننت ناگ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں معروف بزرگ اور ولی کامل حضرت بابا حیدر ریشی رحمۃ اللہ علیہ المعروف (ریشہ مول صاحب) کا کا 458 ویں عرس مبارک پر وادی کشمیر کے اطراف و اکناف سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں نے ولی کامل کی زیارتگاہ پر حاضری دی۔ بابا حیدر ریشی کا عرس پانچ روز تک جاری رہتا ہے۔ جہاں اس موقع پر عقیدت مند صوفی بزرگ کی زیارتگاہ پر مختلف اجتماعی تقاریب میں شرکت کرتے ہیں وہیں اس موقع پر روایتی طور عقیدت مند ان پانچ ایام کے دوران گوشت، مرگ اور مچھلی وغیرہ کے استعمال سے مکمل پرہیز کرتے ہیں۔
عرس کے دوران ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند، بلا امتیاز مذہب و ملت، اطراف و اکناف سے درگاہ پر حاضری دیگر ولی کامل کے تئیں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ بلند پایہ صوفی بزرگ اور ریشیت کے اہم ستون مانے جانے والے حضرت بابا حیدر ریشی کا شمار وادی کشمیر کے بلند پایہ صوفیوں میں ہوتا ہے۔ آپ کی پاکیزہ زندگی زمانہ طفولیت سے ہی معروف تھی تاہم تصوف و روحانیت کے منازل آپ نے اس قدر طے کیے کہ محبوب العالم حضرت شیخ ہمزہ مخدومؒ بذات خود شرف ملاقات بخشنے کے لیے اننت ناگ وارد ہوئے اور آپ کو مزید روحانی اور سلوکی منازل طے کرائے۔
ریشہ مول صاحب کا عرس ہر سال روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ عرس کی خاص بات ہے کہ جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں عقیدت مند گوشت اور مچھلی کے پکوان ترک کرتے ہیں اور بازاروں میں بھی اکثر و بیشتر اسطرح کے پکوان غائب ہو جاتے ہیں۔ آستان عالیہ کے ایک متولی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ گوشت اور مرغ ترک کرنے کی تلقین ولی کامل نے نہیں کی تھی بلکہ ان کے عقیدت مند ان کے احترام میں پانچ دن تک اس طرح کا اہتمام کرتے ہیں۔ ادھر، اوقاف کمیٹی کے رکن نے عرس پاک پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آستان عالیہ پر حاضری دینے والے عقیدتمندوں کی سہولیت کے لیے سبھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: Urs of Hazrat Malik Dawood Badshah ہاکورہ اننت ناگ میں حضرت ملک داؤد بادشاہ کے عرس کا اہتمام