پاکستان کے خلاف افغانستان کی تین یک روزہ میچوں کی سیریز کابل میں فلائٹ آپریشن میں خلل، کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور براڈ کاسٹ سہولیات کے پیش نظر ملتوی کر دی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز کو باہمی اتفاق کے ساتھ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں بورڈز نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یہ سیریز جو یکم ستمبر سے طے کی گئی تھی وہ 2022 کے لیے ری شیڈول کیی جائے گی۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ اے سی بی نے پیر کی شام بورڈ سے رابطہ کیا تھا جس میں کابل میں فلائٹ آپریشن میں خلل، سری لنکا میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے، ان کے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت اور نشریاتی سامان کی عدم دستیابی کا حوالہ دیتے ہوئے سیریز کو 2022 تک ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ذاکر خان نے کہا کہ ہم اے سی بی کے چیلنجز کو سمجھتے ہیں اور 2022 کے لیے سیریز کو ری شیڈول کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عزیز اللہ فاضلی افغانستان کرکٹ بورڈ کے دوبارہ صدر منتخب
انہوں نے مزید کہا "پی سی بی تاریخی طور پر اے سی بی کے ساتھ بہترین تعلقات سے خوش ہے اور یہ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی کہ سیریز 2022 میں کھیلی جائے کیونکہ یہ دونوں فریقوں کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لحاظ سے کافی اہم ہے۔"
واضح رہے کہ اتوار کو عزیز اللہ فاضلی کو دوبارہ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا۔ ان کی تقرری طالبان کے کابل پر قبضہ اور اشرف غنی حکومت کے خاتمے کے ایک ہفتے بعد ہوئی ہے۔