پاکستان کی قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر فواد چودھری کے 'پلوامہ حملہ' سے متعلق بیان پر بھارت کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا کہ دنیا پاکستان کی حقیقت سے واقف ہے کہ وہ دہشت گردی کی حمایت کرنے میں اپنا تعاون دیتا ہے۔
انوراگ سریواستو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جو ملک اقوام متحدہ کے ممنوعہ دہشت گردوں کے زیادہ سے زیادہ ممبر کو پناہ فراہم کرتا ہے اسے بھی متاثر ہونے کا مظاہرہ کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔
پاکستان کی جانب سے پلوامہ حملے کو بڑی حصولیابی بتانے کے بعد بھارت کی جانب سے امید کے مطابق رد عمل سامنے آیا۔
پاکستان کے وفاقی وزیر نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 'ہم نے گھس کر مارا ہے اور پلوامہ میں جو کامیابی ہے، وہ عمران خان کی قیادت کی کامیابی ہے۔ اس کے حصے دار آپ سب ہیں۔ اس کے حصے دار ہم سب ہیں'۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 14 فروری 2019 کو جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر حملہ ہوا تھا، جس میں 40 جوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس حملے کے لیے بھارت نے پاکستان کو ذمہ دار بتایا تھا۔ بالآخر پاکستان نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ یہ حملہ پاکستان میں عمران خان کی حکومت نے کرایا تھا۔