نئی دہلی کے امر کالونی تھانہ علاقے میں پولیس نے ایک نوجوان اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا ہے جس نے اپنی گرل فرینڈ کے کہنے پر اس کے شوہر پر حملہ کیا تھا۔
معلومات کے مطابق ملزم کی گرل فرینڈ نے اپنے شوہر کو ڈکیتی کے جھوٹے کیس میں پھنسا کر راستے سے ہٹانے کی سازش رچی تھی۔
جنوبی مشرقی ضلع کی ڈپٹی کمشنر پولیس ایشا پانڈے نے بتایا کہ 10 اکتوبر کو امر کالونی پولیس کو دو نوجوانوں کی جانب سے ایک ڈاکو کی گرفتاری کی اطلاع ملی تھی، اس کے بعد ملزم نے مبینہ ڈاکو کو پولیس کے حوالے کیا، جس کی شناخت موہت کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کو موہت کے جسم پر کئی زخموں کے نشانات ملے۔ تفتیش کے دوران متاثرہ موہت نے بتایا کہ دونوں شکایت کنندہ نوجوانوں نے اسے اوکھلا منڈی بلایا اور اسے ایک تہہ خانے میں لے گئے اور اس کی پٹائی کی اور ویڈیو بنائی، ساتھ ہی بتایا کہ یہ ویڈیو پرویندر کے فون میں ہے، جو کہ کلیدی ملزم ہے۔
مار پیٹ معاملے کے تحت پولیس نے پرویندر کا فون چیک کیا ، جس میں ویڈیو کے ساتھ موہت کی بیوی کی ایک واٹس ایپ چیٹ بھی پائی گئی، جس میں موہت کو مار پیٹ اور ڈکیتی کے الزام میں جیل بھیجنے کا بتایا گیا تھا۔
متاثرہ موہت نے پولیس کو بتایا کہ ملزم پرویندر اور اس کی بیوی کے دیرینہ تعلقات تھے، جس پر اس نے احتجاج کیا تھا۔ اس کی وجہ سے اس کی بیوی نے ملزم پرویندر کے ساتھ مل کر اسے مارنے اور جیل بھیجنے کی سازش کی تھی۔ فی الحال پولیس پورے معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔