آزادی کا امرت مہا اتسو اور بڈگام ایئرپورٹ پر بھارتی فوج کی لینڈگ کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایئرفورس اسٹیشن سرینگر میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ایئر مارشل امت دیو، ایئر آفیسر کمانڈنٹ ان چیف، ویسٹرن ایئر کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے موجود رہے۔ ان کے علاوہ بھارتی فوج اور بھارتی فضائیہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود رہے۔
27 اکتوبر 1947 کو آزاد بھارت کی فوج نے ملٹری آپریشن چلاکر بڈگام ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اور پاکستانی فورسز کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔
بھارتی فوج نے آپریشن چلاتے ہوئے پاکستانی فورسز کو جموں وکشمیر کے بیشتر مقامات سے باہر نکالا اور جموں و کشمیر کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ بھارتی فوج اور بھارتی فضائیہ کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر کو پاکستانی دراندازی سے آزاد کرادیا۔
اسی تعلق سے آج اولڈ ایئر فیلڈ رنگریٹ بڈگام میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور ملک کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس دوران جموں وکشمیر کے عوام جنہوں نے اس جنگ میں اپنی جانیں قرباں کیں انہیں بھی یاد کرکے خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ایل جی منوج سنہا نے سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے جوانوں کی سمادھی کا بھی افتتاح کیا اور ان جوانوں کو گلہائے عقیدت بھی پیش کیا۔
اولڈ ایئرفیلڈ پر فوج نے جوانوں کے ذریعے 1947 میں چلائے گئے آپریشن کی کچھ جھلکیاں بھی دکھائیں۔ ایل جی منوج سنہا نے اس موقع پر کہا کہ 1947 میں قبائلیوں نے نہیں بلکہ پاکستانی فوج نے کشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ صرف کرگل جنگ میں ہی نہیں بلکہ پاکستان گزشتہ ستر برس سے کشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے پاکستانی دراندازوں کو منہ توڑ جواب دے کر انہیں یہاں سے بھگایا۔
واضح رہے کہ ہر برس 27 اکتوبر کو بھارتی فوج کی جانب سے انفنٹری ڈے منایا جاتا ہے، اس دن کو جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کی آمد کے طور پر منایا جاتا ہے۔کیونکہ 27 اکتوبر 1947 کو مہاراجا ہری سنگھ نے بھارت کے ساتھ ' انسٹرومنٹ آف ایکسیشن' نامی معاہدہ کیا تھا۔