کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ شاہ جہاں کونشانہ بنا کر ای ڈی سندیش کھالی میں داخل ہوئی۔ اقلیتوں اور قبائلیوں کے درمیان ماحول کشیدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔یہ علاقہ آر ایس ایس کا گھر ہے ۔آر ایس ایس کے لوگ اپنے چہروں پر ماسک لگاکر سندیش کھالی میں ماحول کشیدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
5 جنوری کو ای ڈی شاہ جہاں شیخ کے سندیش کھالی میں گھر کی تلاشی لینے گئی تھی۔ راشن گھوٹالہ کے الزامات کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے ۔تاہم شیخ کے حامیوں کے حملے کی وجہ سے ای ڈی اس دن گھرکی تلاشی نہیں لے سکی اور حملے میں ای ڈی کے اہلکار زخمی ہوگئے ۔ ای ڈی نے بعد میں عدالت کو بتایا کہ شاہجہان اس دن گھر پر تھا۔ اس نے ہی اپنے حامیوں کو بلاکر حملہ کرایا ہے۔اس کے بعد وہ پچھلے دروازے سے بھاگ گیا ۔کئی بار انہیں سالٹ لیک میں ای ڈی کے دفتر میں طلب کیا گیا۔ انہوں نے ہر بار حاضری سے گریز کیا ہے۔ شاہجہاں نے ایک بار پھر عدالتی وکیل کے ذریعے پیشگی ضمانت کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ای ڈی انہیں گرفتار نہیں کرتی ہے تو وہ پیش ہونے کو تیار ہیں۔
سندیش کھالی گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج اور مظاہروں کی زد میں ہے ۔خواتین سڑکوں پر اترکر شاہجہاں شیخ اور ان کے قریبی لیڈروں پر عصمت دری اور زمین چھیننے کا الزام عائد کرکے گرفتار ی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:اکیس فروری کو وزیراعلیٰ ممتابنرجی کا دورہ پنجاب
ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی اور سی پی ایم علاقے میں ہنگامہ آرائی کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ترنمول کانگریس کے لیڈر کی شکایت پر سی پی ایم کے سابق ایم ایل اے سیکر سردار، بی جے پی لیڈر وکاس سنگھ سمیت کئی لوگوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ سندیشکھلی میں پچھلے کچھ دنوں سے کشیدگی ہے۔ وزیراعلیٰ نےاس پورے صورت حال کیلئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
یواین آئی