کولکاتا: مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات کی طرح اسمبلی ضمنی انتخابات میں بھی ترنمول کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ چار اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ترنمول کانگریس نے تمام چار سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے ٹی ایم سی کی اس جیت پر عام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔رادھیکا ۔ اننت کی شادی میں شرکت کے بعد آج وزیراعلیٰ ممتابنرجی آج کولکاتا پہنچیں۔ ائیرپورٹ پر وزیراعلی ممتابنرجی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ترنمول کانگریس کی اس جیت پر عوام کا بہت بہت شکریہ۔
وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے کہاکہ ضمنی انتخابات کی جیت کافی اہم ہے۔ مغربی بنگال کے ساتھ ساتھ ملک کی دوسری ریاستوں میں بھی بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہندوستان کی عوام نے بی جے پی کو تمام انتخابات میں بلاک کرنا شروع کردیا ہے۔
ممتا بنرجی نے کہاکہ بہت ساری سازشوں کے باوجود لوگوں نے ووٹ دیا اور جیتا بھی ۔بی جے پی اب ایجنسیوں کی مدد سے انتخابات جیت نہیں سکتی ہے۔لوگوں نے ایجنسی کو بلاک کر دیا ہے۔ بی جے پی کو مستقبل میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اس کے لیے اسے تیار رہنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات میں بھی ترنمول کانگریس کا دبدبہ برقرار، چاروں سیٹوں پر قبضہ
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتی ہوں۔عوام نے ان پر بھروسہ کیا ہے ۔اب انہیں عوام کی خدمت کے لئے ہمشیہ تیار رہنا چاہئے۔