کولکاتا:مغربی بنگال کے 9 پارلیمانی حلقوں میں لوک سبھا انتخابات2024 کے تحت ساتویں اور آخری مرحلے میں ووٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔بیشتر پارلیمانی علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔اسی درمیان شمالی24 پرگنہ کے بشیرہاٹ سب ڈیژن کے سندیش کھالی میں ساتویں مرحلے کی ووٹنگ کے دوران نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ میں ایک مقامی باشندہ شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
سندیش کھالی میں ووٹنگ کے دوران سندیش کھالی کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے۔پتھراو کے واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ میں گاوں کا ایک باشندہ شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
زخمی شخص کو ضلع ہسپتال میں داخل کرایاگیا۔ذرائع کے مطابق گولی زخمی شخص کی کمر لگی ہے۔مقامی باشندوں نے اس واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور فائرنگ معاملے میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اس کے ساتھ مقامی باشندوں نے ٹی سی ایم کے حامیوں پر فائرنگ کرنے کا الزام لگایا۔ترنمول کانگریس کے رہنماوں نے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ بی جے پی کی سازش ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کچھ دیر میں جاری کئے جائیں گے ایگزٹ پول، لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس ای ٹی وی بھارت پر دستیاب ہوں گی
غور طلب ہے کہ مغربی بنگال میں 9 لوک سبھا حلقوں کولکاتا شمالی، کولکاتا جنوبی، دم دم، جادو پور، جے نگر، متھرا پور، ڈائمنڈ ہاربر، باراسات اور بشیرہاٹ میں سکیورٹی انتظامات کے درمیان ووٹ ڈالے گئے۔