گیا: بہار کے ضلع گیا میں بے روزگاروں کے لیے 6 فروری کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے یک روزہ کیمپ لگے گا۔ حالانکہ یہ کیمپ عام بے روزگار نوجوانوں کے لیے نہیں ہوگا بلکہ اس کیمپ میں معاشرے کے خاص بے روزگار ہوں گے اور ان خاص بے روزگاروں کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل منصوبہ بندی دفتر نے سنہری موقع دستیاب کرایا ہے۔ دو زمرے میں ملازمت کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ جس میں 9297 روپے ان ہینڈ اور اس کے علاوہ پی ایف، ای ایس آئی اور بونس کی بھی سہولت ہوگی۔ جب کہ دوسرے زمرے کی ملازمت کے لیے ان ہینڈ 11634 روپے ملیں گے اور اس میں بھی محکمۂ محنت کے اصول وضوابط کے تحت سہولتیں ہوں گی۔ ملازمت کی جگہ بہار کا حاجی پور ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:
گیا: نقل سے پاک انٹر امتحان سے 383 طلباء غیر حاضر
گونگے بہرے، ٹرانسجینڈر اور ایسڈ متاثرین کو ملے گا موقع
محکمۂ ایمپلائمنٹ گیا کی پہل اور کوششوں سے روزگار کیمپ لگے گا۔ محکمۂ محنت کے ضلعی دفتر واقع کیندوئی میں چھ فروری کو اس کا انعقاد ہوگا۔ اس کیمپ میں صرف گونگے بہرے، ٹرانسجینڈر اور ایسڈ اٹیک کے متاثر لڑکے ولڑکیوں کو روزگار ملے گا۔ فلپ کارڈ کمپنی نے روزگار کا موقع فراہم کیا ہے۔ محکمۂ ایمپلائمنٹ کے ضلع افسر محترمہ آکرتی نے بتایا کہ' بہار اسکل ڈویلپمنٹ مشن' کے ذریعہ ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل منصوبہ بندی آفس کے تحت روزگار کیمپ لگے گا۔ جس میں گونگے بہرے ٹرانسجینڈر اور ایسڈ متاثرین کو ہی روزگار ملے گا۔ فلپ کارڈ کے ذریعہ موقع فراہم کیا گیا ہے اور اس میں دو کٹیگری کا عہدہ ہے۔ جس میں پہلا کمپنی کے ' گودام ایسوسی ایٹ' کا عہدہ ہے جس میں گونگے، بہروں اور ٹرانسجینڈر کے لیے ملازمت کا موقع ہوگا۔ اس میں عمر 16 سے 32 سال کی حد ہے اور اس میں تعلیمی لیاقت کم سے کم دسویں پاس ہونا لازم ہے۔ اس عہدے کی ملازمت کی تنخواہ کے طور پر 9297 روپے ملیں گے۔ جب کہ کمپنی نے دوسرا عہدہ ڈیٹا انٹری کے لیے رکھا ہے۔ جس میں کمپنی صرف ایسڈ اٹیک متاثرین کو منتخب کرے گی۔ اس میں کم سے تعلیمی لیاقت بارہویں پاس ہونا ہے۔ اس میں بھی عمر کی حد 18 سے 32 برس ہے۔ اس عہدے کے لیے 11634 روپے تنخواہ ملے گی۔
موقعے پر ہو جائے گا پورٹل پر رجسٹریشن
ضلع ایمپلائمنٹ آفیسر اکرتی نے بتایا کہ امیدواروں کا این سی ایس پورٹل پر رجسٹریشن ہونا لازمی ہے۔ لیکن اگر کسی امیدوار کا اس پورٹل پر رجسٹریشن نہیں ہے تو موقع پر ہی ان کا رجسٹریشن کر دیا جائے گا۔ انہوں نے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور انہیں کمپنی کی طرف سے دیے جا رہے سنہرے موقع کا فائدہ اٹھا کر ملازمت میں بحال ہونا چاہیے۔