مالدہ: مغربی بنگال کے مالدہ جنوب پارلیمانی حلقے میں لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیاں زور شور سے جاری ہیں۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس، بی جے پی اور کانگریس کے امیدواروں کی جانب تشہیری مہم جاری ہے۔ ترنمول کانگریس کے امیدوار شہنواز علی ریحان نے انتخابی مہم کے دوران مالدہ جنوب کے ووٹرز سے ملاقات کی اور لوک سبھا انتخابات کے بعد ان کے مسائل کے حل کی یقین دھانی کرائی۔
شہنواز علی ریحان نے بتایا کہ کانگریس اس الیکشن میں ان کی حریف نہیں ہے۔ بی جے پی سے سخت مقابلے کا امکان ہے۔کانکذیز مقابلے میں نہیں ہے۔ہم بی جے پی کے خلاف انتخابی میدان میں ہیں۔ ووٹرز ہمارے ساتھ ہیں۔ ریحان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مالدہ جنوب کے ووٹرز ممتا بنرجی کو جتانے کے لئے پر عزم ہیں۔ انتخابی ریلی میں عام لوگوں کی بھیڑ سے یہ ثابت ہوتا ہے وہ کس کو جتانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مغربی بنگال: انڈین سیکولر فرنٹ نے لوک انتخابات کے لیے آٹھ امیدواروں کے نام کا اعلان کیا - LOK SABHA ELECTIONS 2024
انہوں نے مزید کہا کہ ''میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اس مہم کو آگے بڑھا سکوں گا۔ کارکنوں کے لیے مہم دوسری پارٹیوں سے کہیں زیادہ ہے، ترنمول آگے ہے، ممتا بنرجی کے ترقیاتی منصوبوں سے عام لوگ بالخصوص خواتین بے حد متاثر ہیں۔ لوگوں کا جوش و جذبے کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ مالدہ جنوب سے ترنمول کانگریس کی جیت یقینی ہے۔''