چنئی: ریاست کے ٹینکاسی علاقے میں آج صبح سامان سے لدے ٹرک اور کار کے درمیان آمنے سامنے سے ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں کار میں سوار تمام چھ افراد کی موت ہوگئی۔ پانچ افراد نے موقعے پر ہی دم توڑ دیا جب کہ ایک زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے چل بسا۔ تصادم کے بعد کار ٹرک کے نیچے دب گئی اور کچھ دور تک گھسٹتی گئی۔
جانکاری کے مطابق، سیمنٹ کی بوریوں سے لدے ایک ٹرک اور ایک کار میں ٹینکاسی ضلع کے پلیانگڈی کے قریب آمنے سامنے سے ٹکر ہوگئی۔ اس خوفناک حادثے میں پلیانگڈی علاقے کے پانچ لوگوں کی موقعے پر ہی موت ہو گئی اور ایک نے ہسپتال لے جاتے وقت دم توڑ دیا۔ چوکم پٹی پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
تینکاسی ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹی پی سریش کمار نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ٹینکاسی ضلع کے پلیان گوڈی کے بھگوتی اماں مندر اسٹریٹ علاقے کے رہنے والے کارتک، ویل منوج، سبرامنی، منوکرن اور بوتھیراج سمیت چھ لوگوں نے کل رات (27 جنوری) کو پلیانگڈی میں بالاسبرامنیم سوامی مندر کے فیسٹیول میں حصہ لیا اور پھر کورٹلم آبشار کی سیر کرنے گئے۔ محکمہ پولیس نے کہا کہ ابتدائی جانکاری یہ ہے کہ یہ حادثہ آج مہلوکین کے کورٹلم سے اپنے آبائی شہر لوٹتے وقت پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: اترپردیش کے شاہجہاں پور میں خوفناک سڑک حادثہ، 12 افراد ہلاک
وہ آج صبح 3:30 بجے کار سے کورٹلم سے پلیانگڈی واپس آرہے تھے، اسی دوران پنائیا پورم اور سنگیلی پٹی کے درمیان پلیانگڈی کے قریب گاڑی چلاتے ہوئے ڈرائیور کو نیند آ گئی جس کے نتیجے میں کار ٹرک سے ٹکرا گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کار ٹرک کے نیچے پھنس گئی اور کچھ دور تک گھسٹتی رہی جس کی وجہ سے کار کے پرخچے اڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوکم پٹی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ حادثے میں مرنے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ترونیل ویلی کے سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا۔