احمدآباد:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح گجرات میں بھی نیٹ امتحان کے پیپر لیک ہونے کے واقعے کے خلاف صدائیں بلند ہونے لگی ہے۔نیٹ امتحان میں بدعنوانی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔اسی درمیان احمدآباد میں ہماری آواز نام کی ایک سماجی تنظیم کے کنوینر کوثر علی سید نے پیپر معاملے میں بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا۔
یوجی سی نیٹ ،سی ایس آئی آرجیسی مقابلہ جاتی امتحانات کے پیپر لیک ہونے کے معاملے پر ہماری آواز تنظیم کے کنوینر کوثر علی سید نے ایجوکیشن منسٹر سے استعفی مانگا ۔انہوں نے پیپر لیک معاملے میں ملوث لوگوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔تنظیم کے کنوینر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
قابل ذکر ہے 19 جون کو مرکزی وزارت تعلیم نے امتحان کی سالمیت پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے 18 جون کو ہونے والے UGC-NET کو منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیٹ یو جی 2024 امتحان کے پیپر لیک ہونے کے الزامات کی وجہ سے کئی شہروں میں مظاہرے جاری ہیں اور کئی ہائی کورٹس کے ساتھ ساتھ سپریم کورٹ میں بھی دائر درخواستوں پر سماعت جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نیٹ امتحان میں بدعنوانی کے خلاف بیدر میں طلبا و طالبات کا احتجاج
واضح رہے نیٹ یو جی 2024 امتحان میں دھاندلی کے الزامات کا سامنا کر رہی حکومت نے اب UGC-NET امتحان کی جانچ سی بی آئی کو سپرد کر دی ہے۔ سی بی آئی نے اس ضمن میں دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کی دفعات کے تحت کیس بھی درج کر لیا ہے۔ وزارت تعلیم کے جوائنٹ سکریٹری گووند جیسوال نے کہا کہ پہلی نظر میں حکومت نے محسوس کیا کہ امتحان کی شفافیت سے سمجھوتہ کیا گیا ہے۔