وارانسی: وارانسی ضلع انتظامیہ نے جیوتش پیٹھ شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی کی "اصل وشوناتھ" کی پوجا کرنے کے لیے پیر کی شام گیانواپی کمپلیکس کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ سینئر پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے کہا کہ شنکر اچاریہ نے مارچ کرنے کی اجازت نہیں لی تھی اور انہیں کمپلیکس کی جانب مارچ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تھی۔
شنکراچاریہ نے اس دعوے کے بعد باقاعدہ پوجا کے حقوق حاصل کرنے کی درخواست دائر کی ہے کہ مئی 2022 میں عدالت کے ذریعہ کئے گئے سروے کے دوران 'وضوخانہ' سے مبینہ طور پر ایک 'شیولنگ' برآمد ہوا تھا۔ بھیلوپور کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) اتل انجن ترپاٹھی اور دشاسوامیدھ اے سی پی اودھیش پانڈے نے کہا کہ اگر شنکر اچاریہ پوجا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ضلع انتظامیہ اور پولیس سے اجازت لینی ہوگی۔
پیر کے روز کیدار گھاٹ علاقے میں شری ودیا مٹھ میں بھاری پولیس فورس کو تعینات کیا گیا تھا۔ جب شنکر اچاریہ اور اس کے شاگردوں نے باہر آنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں روک دیا، جس سے شنکر اچاریہ اور اے سی پی کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ شنکر اچاریہ نے اجازت لینے کا فیصلہ کیا اور واپس لوٹ گئے۔
مزید پڑھیں: گیانواپی مسجد معاملہ: جج منیش کمار نے وضو خانہ سروے کیس کی سماعت سے خود کو الگ کرلیا
شنکراچاریہ نے کہا کہ وہ پوچا کے لیے 40 سالوں سے گیانواپی کا دورہ کر رہے ہیں اور بہت سے سناتن اس پر عمل کرتے ہیں کیونکہ پجاریوں کو گیانواپی کے اندر دیوتاؤں کی عبادت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ''وضوخانہ میں ملنے والا مبینہ 'شیولنگ' بھگوان آدی ویششورا ہے، جسے روزانہ پوجا کیے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا، اور ہر روز پوجا کرنا دیوتا کا حق ہے''۔ شنکراچاریہ نے اسی بنیاد پر مبینہ 'شیولنگ' کی باقاعدہ پوجا کرنے کی کوشش کی۔ شنکر اچاریہ کی درخواست سول جج (سینئر ڈویژن) کی عدالت میں دائر کی گئی تھی۔ اپریل 2023 میں اس اپیل کو ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں منتقل کر دیا گیا اور اسے گیانواپی سے متعلق چھ دیگر مقدمات کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔
آئی اے این ایس