ریواڑی: ہریانہ کے ریواڑی ضلع کے دھاروہیڑا صنعتی علاقے میں ہفتہ کی شام ایک فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 100 سے زیادہ مزدور زخمی ہوگئے۔ تقریباً 30 ملازمین کو تشویشناک حالت میں ریواڑی کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کی شام تقریباً سات بجے ملازمین معمول کے مطابق کام کر رہے تھے کہ اچانک بوائلر پھٹ گیا۔ اس کے بعد چاروں طرف افراتفری مچ گئی اور لوگ بچنے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ لوگوں کے کپڑے ان کی جلد سے چپک گئے۔
اطلاع ملتے ہی درجنوں ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے واقع پر پہنچ گئیں۔ ملازمین کو فوری طور پر فیکٹری سے باہر نکالا گیا اور دھماکے میں زخمی افراد کو ٹراما سینٹر اور شہر کے دیگر اسپتالوں میں فورا داخل کرایا گیا۔ ملازم منیش کمار جو کہ علاج کے لیے اسپتال پہنچے، نے حادثے کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 150 ملازمین کام کر رہے تھے۔ پھر شام 7 بجے اچانک بوائلر پھٹ گیا۔ بوائلر میں زوردار دھماکہ ہوا اور کمپنی میں افراتفری مچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلورو کے کیفے میں دھماکہ، 9 افراد زخمی
عینی شاہدین کے مطابق ملازمین کی حالت ایسی تھی کہ وہ درد کی وجہ سے اسٹریچر پر ٹھیک سے لیٹ بھی نہیں پا رہے تھے۔ بڑی مشکل سے انہیں ٹراما سینٹر اور دیگر اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے کئی ملازمین کو روہتک پی جی آئی ریفر کر دیا گیا ہے۔ کچھ ملازمین کو ریواڑی کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ادھر انتظامی محکمہ کے اہلکار بھی صورتحال کا جائزہ لینے ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔
یو این آئی مشمولات