کولکاتا:ریاست میں حکمراں ممتا حکومت نے رام نومی کے موقع پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر گورنر سی وی آنند بوس، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور اپوزیشن لیڈر شُبھیندو ادھیکاری نے رام نومی پر عوام کو مبارکباد دی۔راج بھون کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے۔رام نومی کے مبارک موقع پر گورنر ڈاکٹر سی وی۔ آنند بوس ریاست کے تمام لوگوں کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کی خواہش کرتے ہیں۔
محترمہ بنرجی نے سوشل میڈیا ایکس پر کہاکہ رام نومی کے پرمسرت موقع پر سب کو نیک خواہشات۔ میں سب کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتی ہوں۔دریں اثنا، قائد حزب اختلاف مسٹر ادھیکاری نے سینکڑوں عقیدت مندوں کے ساتھ نیو ٹاؤن میں ایک رنگا رنگ جلوس کی قیادت کی اور رام مندر میں دعا کی۔
ترنمول کے لوک سبھا امیدوار پرسون بنرجی نے ہاوڑہ میں ایک رنگا رنگ جلوس نکالا۔ مسٹر پرسون ہاوڑہ سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ اس جشن میں ریاستی وزیر اروپ رائے نے بھی شرکت کی۔میدنی پور کے گھاٹل میں، ترنمول امیدوار اور ٹالی ووڈ سپر اسٹار دیو بھی جشن میں شامل ہوئے اور 'جے شری رام' کے نعرے لگائے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے تقریباً تمام 42 لوک سبھا امیدواروں نے ریاست بھر میں اپنی اپنی پارلیمانی نشستوں پر جلوسوں کی قیادت کی۔ہُگلی لوک سبھا سے بی جے پی امیدوار لوکیٹ چٹرجی نے کہا کہ اس سال رام نومی بہت خاص ہے کیونکہ 500 سال کی جدوجہد کے بعد اجودھیا میں رام للا کا قیام عمل میں آیا ہے۔ تمام ہندو مذہبی مندروں اور مزاروں کو سجایا گیا ہے اور ہندو پس منظر کی مختلف تنظیموں کی طرف سے مہانومی بڑی دھوم دھام سے منائی جا رہی ہے۔
یو این آئی