سورت: پرموشن کے لیے انکاؤنٹر کے الزامات پولیس محکمے پر اکثر لگتے رہے ہیں لیکن اب پرموشن کے لیے ایک ایسی خوفناک سازش کا انکشاف ہوا ہے جس سن کر رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔ دراصل حال ہی میں گجرات کے سورت میں پرموشن کے لیے کِم اسٹیشن کے قریب ایک ٹرین کو پٹری سے اتارنے یا حادثے کا شکار بنانے کی سازش کا انکشاف ہوا ہے۔
ابتدائی طور پر یہ خبر سامنے آئی کہ کچھ لوگوں نے ٹرین کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی جسے ریلوے کے کچھ ملازمین نے صحیح وقت پر پکڑ لیا۔ پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سنجیدگی سے اس کی تحقیقات شروع کی۔ پولیس کی جانچ میں جو انکشافات ہوئے اسے جان کر سب حیران رہ گئے۔ ٹرین کو الٹنے کی سازش ریلوے ملازمین نے خود ہی رچی۔
جانچ میں پتہ چلا کہ ملزم سبھاش جلد پروموشن حاصل کرنا چاہتا تھا۔ اس نے پروموشن حاصل کرنے کے لیے یہ سازش رچی۔ اس نے خود فش پلیٹ ہٹا کر چابیاں کھول دیں، اس کے بعد اس نے یہ اطلاع ریلوے کو دی۔ اس کا خیال تھا کہ اس کی چوکسی کی وجہ سے اسے جلد ترقی مل جائے گی۔ اس معاملے میں تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 21 ستمبر کو کِم کے قریب ٹریک سے فش پلیٹ ہٹا کر ٹرین کو پٹری سے اتارنے یا الٹنے کی کوشش کی گئی۔ اس وقت ریلوے ملازم سبھاش کمار پودار نے محکمے کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس نے گشت کے دوران تین نامعلوم لوگوں کو ریلوے ٹریک پر چلتے ہوئے دیکھا تھا، جب اسے شک ہوا تو اس نے الارم بجایا اور وہ بھاگ گئے۔
140 پولیس اہلکار موقع پر پہنچے
پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور جانچ کے بعد پورا معاملہ سامنے آیا۔ قابل ذکر ہے کہ واقعے کے دن سے ہی 140 پولیس اہلکار موقع پر تعینات تھے۔ آس پاس کے کھیتوں میں جھاڑیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاگ سکواڈ، ایف ایس ایل، ڈرون کیمروں کی مدد لی گئی۔ پھر سازش میں ملوث عناصر کے پکڑے جانے پر سب نے سکون کی سانس لی۔
ملزمین کے نام
اس معاملے میں ریلوے کے تین ملازمین سبھاش کمار پودار، منیش کمار مستری، شبھم جیسوال پکڑے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے تین موبائل فون قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
ملزمین کا ریلوے میں کام
سورت دیہی پولیس چیف ہتیش جویسر نے کہا کہ 'ملزم سبھاش ریلوے کا ملازم ہے۔ وہ 9 سال سے ریلوے میں تعینات ہیں۔ دوسرا ملزم منیش گذشتہ ڈیڑھ سال سے کام کر رہا تھا۔ تیسرا ملزم شبھم ایک کنٹریکٹ بیس مزدور ہے اور کچھ دن پہلے ہی کام پر آیا تھا۔ سبھاش کے کہنے پر منیش نے اس سازش میں اس کا ساتھ دیا۔ سبھاش اس اس معاملے میں کلیدی ملزم ہے۔ تینوں ملزمان ٹریک مین کی حیثیت سے ٹریک کی دیکھ بھال کے ذمہ دار تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
مدھیہ پردیش اور اترپردیش میں ریلوے ٹریکس پر مشتبہ اشیا کی موجودگی سے سنسنی، تحقیقات کا آغاز
متھرا میں مال گاڑی کی 25 بوگیاں پٹری سے اتریں، ریلوے لائنوں پر کوئلہ بکھرا