گیا: بہار میں مسلمانوں کے ریزرویشن کے تعلق سے سیاسی بیان بازی عروج پر ہے۔ مسلمانوں کو ریزرویشن ملنا چاہیے اس پر لالو یادو نے بیان دیا تھا، جسکے بعد بہار میں سیاسی رہنماء بالخصوص بی جے پی مسلسل حملہ آور ہے، وزیراعظم نریندر مودی سے لیکر بی جے پی کے جتنے بھی رہنماء یہاں انتخابی تشہیر میں پہنچ رہے ہیں سبھی اس بیان پر حملہ آور ہیں، پرشانت کشور نے بھی اس بیان پر تبصرہ کیا ہے۔ پرشانت کشور کے ' جن سوراج یاترا ' کی میڈیا ٹیم نے بیان اور انکا ویڈیو جاری کیا ہے۔ جس میں پرشانت کشور نے کہا ہے کہ لالو یادو کو ریزرویشن کی فکر نہیں بلکہ وہ اس بیان کو دیکر مسلمانوں کا ووٹ آر جے ڈی کے نام کروانا چاہتے ہیں، جبکہ بی جے پی اس بیان کو اپنے مفاد میں کرنے میں لگی ہے۔
بی جے پی کی طرف سے مسلسل مسلمانوں کو ریزرویشن دیے جانے کی بات کہے جانے کو لے کر انتخابی مدہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ووٹ کا پولرائزیشن ہو، آج بھی بیگو سرائے میں بی جے پی کے رہنماء گری راج سنگھ کے حمایت میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے پہنچے آسام کے وزیر اعلی ہیمنت بسو شرما نے بیان دیا اور کہا کہ مسلمانوں کو ریزرویشن پاکستان میں ملے گا، یہاں کیوں ملے گا؟ اُنہوں نے مسلمانوں کے تعلق سے کئی اور باتیں کہی ہیں۔ حالانکہ لالو یادو کے ذریعے مسلمانوں کے ریزرویشن دیے جانے کے بیان پر پرشانت کشور کا نظریہ مختلف ہے مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں ملنے کا زمہ دار اُنہوں نے مسلمانوں کو ہی بتایا ہے۔ پرشانت کشور نے مسلمانوں کے ریزرویشن کے تعلق سے کہا ہےکہ آپ کے قوم' مذہب' میں بتایا گیا ہے کہ بغیر جدوجہد کے زندگی میں کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔ یہ بات آپ کے مذہب میں لکھی گئی ہے۔ آج ملک میں مسلمانوں کے ذریعے کہیں جدوجہد نہیں ہے، دس برس پہلے مودی مرکز کی قیادت میں آئے ہیں لیکن اس سے پہلے سے بی جے پی 20 برس سے چل رہی ہے۔
دوسروں کے لیے مسلمان بہت فکر مند اور پریشان ہیں لیکن انکا اپنا لائحہ عمل کو لیکر کوئی غور و فکر نہیں ہے۔ آپ بہت پریشان ہیں کہ بی جے پی کیسے ہارے گی، جانیں کیسے بچیں گی، مودی کو کیسے شکست دیں گے، لیکن اس کے لیے کہ' ریزرویشن ' کیسے ملے گا اسکی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔ 5 سال تک آپ اس امید پر کھڑے ہیں کہ کوئی لیڈر آئے گا، کوئی پرشانت کشور، ممتا بنرجی، راہل گاندھی، تیجسوی یادو، لالو یادو آئیں گے اور مودی کو ہرائیں گے اور ہم ان کی جیت پر اپنی کشتی کو سوار کریں گے۔ پرشانت کشور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیغمبر نبیﷺ نے یہ بھی فرمایا کہ جدوجہد کے بغیر کچھ حاصل کرنا مشکل ہے۔ آپ کو ریزرویشن کیسے ملے گا؟ کھڑے ہو کر تقریر کرنے سے ریزرویشن نہیں مل سکتا۔ ملک میں ریزرویشن لینے والوں نے 20 سالوں سے زیادہ جدوجہد کی ہے۔ مسلم کمیونٹی کے لوگ ہر روز کھڑے ہو کر کہتے ہیں کہ ہم اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے لیکن میں آپ کو بتاتا ہوں کہ اس ملک میں آپ سے زیادہ ڈرنے والا کوئی دوسرا طبقہ نہیں ہے۔
آپکو اپنی اور اپنے مستقبل کی فکر نہیں ہے۔ آپ دوسرے کے سہارے کشتی کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ واضح ہوکہ لالو یادو نے مسلمانوں کو ریزرویشن دیے جانے کے اپنے بیان کی خود تردید بھی کرچکے ہیں۔