حیدرآباد : حیدرآباد کے پرانے شہر میں برقی بلوں کی وصولی کی ذمہ داری اڈانی کمپنی کو دینے کی مخالفت کی جارہی ہے۔ کانگریس حکومت کے فیصلہ کی بی آر ایس کے لیڈر و سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مذمت کی۔ انہوں نے اس فیصلہ کو اقلیتوں کی توہین قرار دیا۔ محمود علی نے ریونت ریڈی پر مسلمانوں کے مفادات کو نظرانداز کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ پرانے شہر میں برقی بلوں کی وصولی کی ذمہ داری اڈانی گروپ کو دیئے جانے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی اڈانی کی مخالفت کرتے ہیں، وہیں تلنگانہ میں کانگریس حکومت اڈانی کی کمپنی کو برقی بلز وصول کرنے کی ذمہ داری دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی کابینہ میں کوئی مسلم وزیر نہیں ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی سے آئندہ بجٹ میں اقلیتی بہبود کے لئے 4,000 کروڑ روپئے فراہم کرتے ہوئے اپنے وعدہ کو پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ محمود علی نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد پرانے شہر میں امن و امان کی صورتحال بگڑ گئی ہے۔ انہوں نے کانگریس حکومت پر بی جے پی کی بی ٹیم ہونے کا بھی الزام عائد کیا۔