ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ ریاست میں کل 10,905 کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے تھے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق 288 اسمبلی سیٹوں کے لیے 7995 امیدواروں نے نامزدگیاں داخل کی ہیں۔ انتخابات کا نوٹیفکیشن 22 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا۔ 29 اکتوبر کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی۔ داخل کی گئی درخواستوں کی جانچ آج کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یوپی ضمنی انتخابات: 9 اسمبلی سیٹوں کے لیے 149 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے، 13 نومبر کو ووٹنگ
وہیں کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 4 نومبر 2024 مقرر ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق 15 سے 29 اکتوبر تک سی ویجل ایپ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق 1,648 شکایات موصول ہوئیں۔ ان میں سے 1,646 کو الیکشن کمیشن نے حل کرلیا۔ C-Vigil ایپ، کے ذریعہ عام شہری ضابطہ اخلاق سے متعلق شکایات آسان طریقہ سے کرسکتے ہیں اور اس سے حکام کو الرٹ کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ ایپ کسی بھی ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ اسی طرح شکایت درج ہونے کے بعد متعلقہ ٹیم کے ذریعہ جانچ کے بعد مناسب کارروائی کی جاتی ہے۔