اترا کنڑ: کرناٹک کے شمالی کنڑ میں منگل کو ایک بڑے لینڈ سلائیڈ کے بعد آج چار لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ تین افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ امدادی کارکنوں نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔ این ڈی آر ایف، فائر ڈپارٹمنٹ اور مقامی پولیس کی ٹیمیں اس آپریشن میں مصروف ہیں۔
کرناٹک کے ریونیو منسٹر کرشنا بائرے گوڑا کے ایک بیان کے مطابق اس قدرتی آفت میں چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ معلومات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پہاڑی کا ملبہ سڑک کے کنارے ایک ریسٹورنٹ پر گرا۔ ریسٹورنٹ میں موجود سبھی لوگ پھنس گئےتھے۔ حادثے کے بعد مقامی پولیس، نیشنل ڈیزاسٹر فورس اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔ واقعے کے بعد سڑک پر ٹریفک متاثر ہو گئی۔
اترا کنڑ کے ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے بتایا کہ سات افراد لاپتہ ہیں۔ چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تاہم تین افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ این ڈی آر ایف کی 24 ارکان پر مشتمل ٹیم راحت کاری میں مصروف ہے۔ فائر سروس کی ٹیم بھی اس میں تعاون کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ بحریہ اور کوسٹ گارڈ کی مدد لی گئی۔ انہوں نے آپریشن کو سنبھالنے کے لیے اپنا حفاظتی سامان اور اہلکار فراہم کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وہ سڑک کے ایک طرف سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں تاکہ ٹریفک آسانی سے چل سکے۔ توقع ہے کہ 24 سے 48 گھنٹوں میں ٹریفک بحال ہو جائے گی تاہم اسے مکمل طور پر صاف ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔