مظفر نگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے محلہ کھلہ پار میں واقع ایم ایچ پبلک اسکول میں ختمِ نبوت کوئز کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے کو تین مرحلوں میں منعقد کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں طلباء وطالبات کی ذہن سازی اور کتابوں کی تقسیم دوسرا مرحلہ امتحانی نشست کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ تیسرے مرحلے میں انعامی تقریب منعقد کی گئی۔
تحفظ دین ختمِ نبوت تنظیم کے سربراہ حضرت قاری ضیاء الرحمن صاحب فاروقی کی جانب سے مظفرنگر برانچ کے اراکین پر مشتمل ایک وفد بھیجا گیا تھا۔جہاں اسکول کے ناظم قاری رئیس احمد صاحب اور مینیجر راجا بابو صاحب نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقعے پر ختمِ نبوت کے عنوان پر مختصر تقریب منعقد کی گئی۔
اس تقریب کی صدارت برانچ مظفرنگر کے ڈاکٹر شمیم الحسن صاحب نے کی۔ مولانا مشرف صاحب قاسمی نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور مذہب اسلام کے بنیادی عقائد کی تعلیم اپنے بچوں کو دینا وہ روزی روٹی سے بھی زیادہ ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: مظفر نگر میں اسلامک کوئز کمپیٹیشن کا انعقاد
بعدازاں مولانا سہیل اختر رحیمی نے ختمِ نبوت کے متعلق تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بچوں کے ختم نبوت کوئز کے مراحل اور طریقۂ کار سے آگاہ کیا اور ختمِ نبوت کوئز کی کتابیں تقسیم کی گئیں۔ اس تقریب میں وفد کے اراکین قاری محمد عمران صاحب مدرسہ فیض محمدی نیرانہ مولانا مطیع الرحمٰن صاحب عارف وغیرہ موجود رہے۔