نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مبینہ ایکسائز اسکام سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی ضمانت پر دہلی ہائی کورٹ کی روک کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ 20 جون کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے ضمانت منظور کرنے کے بعد ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ کی رہائی پر روک لگادی تھی۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر، جنہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا، ٹرائل کورٹ کی جانب سے ضمانت دینے کے بعد جمعہ کو تہاڑ جیل سے باہر آنے سے عین قبل ہائی کورٹ نے ای ڈی کی جانب سے دائر کی گئی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کیجریوال کی رہائی پر عبوری روک لگادی تھی۔ اس موقع پر ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ وہ دو تا تین دن کے لیے حکم محفوظ کر رہی ہے کیونکہ وہ پورے کیس کے ریکارڈ کو دیکھنا چاہتی ہے۔
کورٹ نے کیجریوال کو ایک نوٹس بھی جاری کیا جس میں ٹرائل کورٹ کے 20 جون کے فیصلہ کو چیلنج کرنے والی ای ڈی کی درخواست پر ان کا جواب طلب کیا گیا۔ قبل ازیں کیجریوال کی ضمانت منطور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ نے کہا تھا کہ ای ڈی منی لانڈرنگ کیس میں جرم کی آمدنی سے متعلق براہ راست ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔