بارہمولہ (جموں کشمیر) : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں جموں کشمیر پولیس نے منشیات فروشی کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سوپور پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کی تحویل سے منشیات ضبط کی گئی ہے جبکہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریاں اور بازیابیاں بھی متوقع ہیں۔
اس ضمن میں سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) سوپور، ڈاکٹر رئیس احمد میر نے پیر کے روز سوپور میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 11 جنوری کو ریلوے کراسنگ پر ایک ناکہ قائم کیا گیا تھا اور ناکہ کے دوران حسب معمول ایک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیکنگ کے دوران ایک بیگ سے سپاسمو پروکسیون پلس کے 3600 کیپسول برآمد ہوئے اور دوران تفتیش ڈرائیور نے اپنی شناخت رمیز ولی راتھر ولد ولی محمد راتھر ساکنہ کرال گنڈ، ہندوارہ کے طور پر ظاہر کی۔
ایس ڈی پی او کے مطابق مزید تحقیقات اور تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس نے منشیات کی یہ کھیپ ڈانگر پورہ، سوپور کے شاہنواز احمد شاہ نامی ایک شخص کو دی تھی، جس پر فوری طور کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس نے 744 سپاسموپروکسیون پلس کیپسول کے ساتھ شاہ کو بھی دھر لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ اس نے منشیات کا بعض حصہ شبیر احمد ولد عبد الرشید میر ساکنہ کرال گنڈ، ہدوارہ کو بھی دیا تھا جسے ڈنگر پورہ گاؤں سے 792 سپاسموپروکسیون پلس کیپسول سمیت گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: بارہمولہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران منشیات فروش گرفتار
سوپور پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر 04/2024 U/S 8/21/22/29 NDPS ایکٹ تھانہ امرگڑھ میں درج کر لی ہے جب کہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ڈی پی او نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ابھی تفتیش جاری ہے جبکہ مزید افراد کو بھی حراست میں لیا جا سکتا ہے اور منشیات بھی ضبط ہونے کا قوی امکان ہے۔