نئی دہلی: انڈیا بلاک کے کارکنوں اور رہنماؤں نے ہفتہ کو دہلی کے شہیدی پارک میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کی مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ انڈیا بلاک کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر سخت نکتہ چینی کی اور اس کے خلاف نعرے لگائے۔
شہیدی پارک میں "اروند تم سنگھرش کرو، ہم تمہارے ساتھ ہیں" اور "ظلم نہیں چلے گا" کے نعرے بلند کرتے ہوئے انڈیا بلاک کے سینکڑوں رہنما اور کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے کہا کہ اروند کیجریوال خود ایک نظریہ ہیں، اور وہ جیل سے "بغیر داغ" کے باہر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد اروند کیجریوال کی گرفتاری غلط ہے۔ وہ بغیر داغ کے جیل سے باہر آئیں گے۔ وہ بے قصور تھے اور رہیں گے۔ کجریوال خود ایک نظریہ ہے۔
احتجاج میں شامل ہوتے ہوئے دہلی کے وزیر آتشی نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت ایک آمریت ہے، "آج پوری قوم جمہوریت کی موت دیکھ رہی ہے جو ہو رہی ہے۔ ایک ایک کر کے اپوزیشن پر حملے ہو رہے ہیں۔ پہلے جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلی ہیمنت سورین کو گرفتار کیا گیا، اور پھر اروند کیجریوال کو گرفتار کر لیا گیا، اگر ایک ایک کر کے اپوزیشن لیڈروں کو جیل میں ڈال دیا جائے تو الیکشن کا کیا مطلب ہے؟ یہ آمریت ہے"۔
دہلی کے وزیر سوربھ بھردواج نے کجریوال کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے انڈیا بلاک کا شکریہ ادا کیا "ہم کانگریس، بائیں بازو کے تمام رہنماؤں اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو انڈیا اتحاد اور اروند کیجریوال کے ساتھ جمہوریت کی اس لڑائی میں کھڑے ہیں"۔
یہ بھی پڑھیں:
- کیجریوال جیل سے حکومت نہیں چلا سکتے، صدر راج لگ سکتا ہے: ماہرین
- اروند کیجریوال کو 28 مارچ تک ریمانڈ پر بھیجا گیا
پارٹی کے لیڈر گوپال رائے نے جمعہ کو کہا کہ عام آدمی پارٹی نے ای ڈی کے ذریعہ کجریوال کی گرفتاری کے خلاف اپنا احتجاج درج کرنے کے لئے 26 مارچ کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا "گھیراؤ" کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جانچ ایجنسی نے منی لانڈرنگ کیس سے منسلک دہلی ایکسائز پالیسی کیس کے سلسلے میں گرفتار کرنے کے ایک دن بعد اروند کیجریوال کو جمعہ کے روز سات دن کے لیے 28 مارچ تک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل میں دیا گیا تھا۔
(اے این آئی)