حیدرآباد: آئی آئی ٹی گوہاٹی کے ایک طالب علم کو ہفتے کے روز آسام کے ہاجو میں مبینہ طور پر داعش کے ساتھ ہمدردی رکھنے کے شبہ کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔ بائیوٹیکنالوجی کے چوتھے سال کے طالب علم نے حال ہی میں ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور ای میلز پر دعویٰ کیا تھا کہ وہ دہشت گرد تنظیم میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے اور وہ آئی آئی ٹی گوہاٹی کیمپس سے لاپتہ ہو گیا تھا۔
طالب علم پر سخت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کے تحت الزام عائد کیا گیا اور اسے آج گوہاٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اسے 10 دن کی پولیس تحویل میں دے دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس طالب علم کے لیے ایک لک آؤٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا جو دہلی کا رہائشی ہے، جب اس نے لنکڈ ان پر ایک کھلا خط لکھا جس میں اپنے فیصلے کی وجہ سے واقف کرایا تھا۔ اسے کامروپ ضلع میں گوہاٹی سے تقریباً 30 کلومیٹر دور ہاجو میں پایا گیا اور اسے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے جب IIT-Guwahati حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ طالب علم دوپہر سے "لاپتہ" تھا اور اس کا موبائل فون بھی بند تھا۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جی پی سنگھ نے کہا کہ مذکورہ طالب علم کو سفر کے دوران حراست میں لیا گیا۔ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔