حیدرآباد :تلنگانہ میں، ایک چور نے 7 دسمبر کی صبح ایک سرکاری ایمبولینس (108) چرالی اور حیدرآباد-وجئے واڑہ ہائی وے پر گھنٹوں تک ہنگامہ برپا کیا، اس دوران کئی راہگیر زخمی بھی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے حیات نگر علاقے سے چور نے سرکاری ایمبولینس چوری کرلی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چور کا فلمی انداز میں پیچھا کیا اور اسے سوریہ پیٹ میں گرفتار کرکے ایمبولنس کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے چور کا وجئے واڑہ ہائی پر تقریباً 150 کیلومیٹر دور تک تعاقب کیا۔
چور نے حیات نگر سے ایمبولنس چوری کرکے وجئے واڑہ کی طرف فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا، اس دوران پولیس سے بچنے کوشش میں چٹیال کے قریب جان ریڈی نامی شخص کو ٹکر مار دی۔ وہ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بالآخر چور کو ٹیکمتلا میں پکڑ لیا۔ اب پولیس چور کی مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق جانچ کررہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ ملزم اس سے قبل بھی چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
یہ بھی پڑھیں: تلنگانہ میں حادثہ، کار کے تالاب میں گرنے سے پانچ نوجوانوں کی موت
اس دوران زخمی جان ریڈی کو حیدرآباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اسکی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ پولیس نے معاملہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔