گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع مرزا غالب کالج ایڈہاک کمیٹی کے اراکین نے مگدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات کی ہے۔ کنوینر شبیع عارفین شمسی کی قیادت میں نئے پروفیسر انچارج ڈاکٹر علی حسین، ایڈہاک کمیٹی کے رکن ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن خان اور اورنگ زیب عالم نے ملاقات کی۔ وائس چانسلر سے یونیورسٹی میں واقع ان کے دفتر میں جا کر ملاقات کی گئی اور انہیں گلدستہ پیش کیا گیا۔ اس دوران کمیٹی نے کالج کی صورتحال پر وائس چانسلر سے تبادلۂ خیال کیا۔ وائس چانسلر نے ایڈہاک کمیٹی کے اراکین کو ہر ممکن سہولت اور مراعات دینے کا وعدہ کیا اور کالج کو مزید ترقی کی جانب لے جانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مطالبات پر خصوصی توجہ دیں اور ساتھ ہی خیال رکھیں کہ ان کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔ کالج کی چو طرفہ ترقی کے لیے کام کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
ایڈہاک کمیٹی نے اس دوران وائس چانسلر پی کے شاہی سے کالج کے بینک کھاتوں کو شروع کروانے اور جن جن کاموں کو روکا گیا ہے اس کو جلد شروع کرانے کی مانگ کی۔ جس پر وائس چانسلر نے ہدایت جاری کردی اور کہا کہ چونکہ کالج سے جن چیزوں میں بدلاؤ کی مانگ کی گئی تھی اس پر کام ہو رہے ہیں۔ کالج کے ذمہ داروں کو چاہیے کہ وہ کالج کی کامیابی پر توجہ دیں اور اچھی تعلیمی پر ہی فوکس رکھیں۔
واضح ہو کہ سابق پروفیسر انچارج شجاعت علی خان کو مگدھ یونیورسٹی نے پروفیسر انچارج کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایت جاری کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی بحالی میں تکنیکی کمیوں کا ذکر کرتے ہوئے شکایت موصول ہوئی ہے۔ ہائر ایجوکیشن کی ہدایت پر جانچ کا عمل شروع کرنے سے پہلے پروفیسر انچارج کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کے شعبہ کو اٹیچ کیا جائے تاہم یونیورسٹی کے اس فیصلہ کو گورننگ باڈی نے ماننے سے ہی انکار کردیا۔ جس پر پروفیسر انچارج نے ہائی کورٹ کا رخ کیا۔ اس دوران گورننگ کونسل مرزا غالب کالج نے اپنی کمیٹی کو پوری طرح سے برخواست کردیا۔