نئی دہلی: دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے ملازمت کے لیے زمین کے معاملے میں ای ڈی کی طرف سے درج کیے گئے مقدمے میں بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، میسا بھارتی، ہیما یادو اور ہرادیانند چودھری کو ریگولر ضمانت دے دی ہے۔ خصوصی جج وشال گوگنے نے تمام ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر ضمانت دینے کا حکم دیا ہے۔
عدالت کے اس فیصلے سے بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی ،میسا بھارتی، ہیما یادو اور ہرادیانند چودھری کو راحت ملی ہے۔عدالت نے کہا کہ ای ڈی نے تحقیقات کے دوران ملزمین کو گرفتار نہیں کیا، اس لیے ان کی ریگولر ضمانت کی درخواست کو مسترد کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
وہیں ای ڈی نے ان چاروں کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ اگر انہیں ضمانت دی جاتی ہے تو جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے شرائط کے ساتھ ضمانت دی جائے۔ ای ڈی کی اس دلیل کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے چاروں کو ریگولر ضمانت دینے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:بہار: تیجسوی یادو کی ای ڈی کے دفتر میں حاضری
واضح رہے کہ بہار میں لینڈ فار جابس معاملہ چودہ سال پرانا ہے۔ اس دوران لالو یادو ریلوے کے وزیر تھے۔ سی بی آئی کی چارج شیٹ کے مطابق ریلوے کے وزیر کے طور پر ان کے دور میں ملازمت کے بدلے زمین لی گئی تھی۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے چھاپہ مار کر لالو خاندان اور ان کے قریبی لوگوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔ لالو یادو کے قریبی شخص بھولا یادو کو بھی گرفتار کیا گیا۔