ممبئی: ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کے بعد اب سیاسی رہنماؤں کے ذریعہ کسی طرح کی انتخابی سرگرمیوں پر سختی سے نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ وہ ضابطۂ اخلاق اصولوں کی خلاف ورزی نہ کر سکیں۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل انتخابات میں عوام کا نظریہ کیا ہونا چاہیے۔ اس بات کو لے کر ممبئی پریس کلب میں صحافی جیوتی پنوانی نے عید ملن نشست منعقد کی۔ جس میں معاشرے کی بااثر شخصیات کو مدعو کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس میں کئی سماجی تنظیم کے سربراہان اور غیر سرکاری تنظیم کے ذمہ داران علماء اور صحافیوں کی موجودگی رہی۔
یہ بھی پڑھیں:
عام انتخابات میں جمہوریت بچانے کے لیے ووٹ ڈالیں: مولانا سجاد نعمانی - Sajjad Nomani On Election 2024
اردو کارواں کے صدر فرید خان نے بتایا کہ اس نشست کا مقصد یہ تھا کہ معاشرے کی با اثر شخصیات آنے والے انتخابات کو لے کر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ فرید خان نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس نشست میں کہا کہ بی جے پی کا غلبہ نظر آرہا ہے جب کہ کچھ لوگوں نے کہا کہ راہل کی یاترا کا اثر زیادہ دکھائی دے رہا ہے جب کہ کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کا اثر کم دکھائی دے رہا ہے۔ کچھ اندھ بھکتوں کو چھوڑ کر بی جے پی کی کوئی بھیڑ موجود حالات میں نہیں دکھائی دے رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مولانا محمود دریا آبادی نے کہا کہ الیکشن میں مسلمانوں کو اہمیت نہیں دی جاتی، نہ ہی ان کی رہنمائی کوئی کرتا ہے۔ جب کہ کئی لوگوں نے کہا کہ بہوجن وانچت اور مجلس مسلمانوں کے لیے کوئی بہتر نہیں ہے۔
اس نشست میں اس بات پر زور دیا گیا کہ الیکشن میں ووٹنگ فیصد کیسے بڑھایا جائے۔ لوگوں کے نام کے اندراج کرائے جائیں تاکہ ووٹنگ زیادہ سے زیادہ ہو تاکہ انتخابات میں آپ کی حصہ داری زیادہ رہے گی۔ میٹنگ میں موجود ڈاکٹر سلیم خان نے کہا کہ مودی حکومت کی حالت بہتر نہیں ہے اور روزانہ اوٹ پٹانگ بیانات بھی سامنے آرہے ہیں۔